لاہورایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن میں بہتری، 8 پروازیں منسوخ، ایک تاخیر کا شکار

04-11-2026

(لاہور نیوز) علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے، تاہم اندرون و بیرون ملک آنے اور جانے والی متعدد پروازیں تاحال متاثر ہیں۔

ذرائع کے مطابق مختلف ایئرلائنز کی مجموعی طور پر 8 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں ایئر بلیو کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز 410، لاہور سے کراچی کی دوطرفہ پرواز 401، فلائی جناح کی لاہور سے شارجہ کی دوطرفہ پرواز 500 اور سعودی ایئر کی لاہور سے جدہ کی دوطرفہ پرواز 733 شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، ایئر سیال کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز 142 بھی تاخیر کا شکار ہے جو دوپہر 3 بج کر 30 منٹ تک روانہ ہوگی۔ ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں بہتری کے باوجود کچھ پروازوں کے شیڈول متاثر رہ سکتے ہیں، مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں۔