برائلر گوشت کی قیمت 595 روپے کلو برقرار
04-11-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں پولٹری مصنوعات کی قیمتیں ایک بار پھر عدم استحکام کا شکار ہو گئی ہیں۔
سرکاری سطح پر برائلر کے نرخ برقرار رکھے گئے ہیں اور برائلر گوشت کی قیمت 595 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم شہریوں کو صافی گوشت 680 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے صارفین کو اضافی بوجھ کا سامنا ہے۔ زندہ برائلر کے نرخوں میں بھی بظاہر کوئی کمی نہیں کی گئی، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 383 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن سپلائی 400 روپے فی کلو تک کی جا رہی ہے، جو مقررہ نرخ سے زیادہ ہے۔ اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں زندہ برائلر 397 روپے فی کلو جبکہ پرچون بازار میں 411 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جو قیمتوں میں واضح فرق کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں فی درجن قیمت میں ایک روپے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی قیمت 238 روپے فی درجن برقرار ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 7 ہزار 20 روپے مقرر کی گئی ہے۔