لیٹ فیس اور بھاری جرمانہ! نادرا نے سمارٹ شناختی کارڈ والوں کو خبردار کر دیا
04-10-2026
(لاہور نیوز) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا) نے شہریوں کو جون کے بعد لیٹ فیس اور بھاری جرمانے سے خبردار کر دیا۔
نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے زائد المیعاد سمارٹ شناختی کارڈز کی فوری تجدید کرائیں، بصورت دیگر جون کے بعد لیٹ فیس اور بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ نادرا کا کہنا تھا کہ قانون کے تحت کارڈ کی میعاد ختم ہونے کے بعد تجدید پر جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جو فی الوقت عوامی سہولت کے پیشِ نظر نافذ نہیں ہے، تاہم جون کے بعد اس پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ اتھارٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت ملک میں 2 کروڑ 74 لاکھ شناختی کارڈز اور لاکھوں دیگر دستاویزات (اوورسیز کارڈز، بچوں کے سرٹیفکیٹ) کی میعاد ختم ہو چکی ہے۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ شناختی کارڈ کی بروقت تجدید نہ کرانے کی صورت میں بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر تصدیقی سہولیات معطل ہو سکتی ہیں. بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، حکومتی سبسڈیز (جیسے فیول سبسڈی) تک رسائی ختم ہو سکتی ہے ،اس کے ساتھ جائیداد اور گاڑیوں کی منتقلی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے تعاون سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق، اس وقت 45 لاکھ زائد المیعاد کارڈز پر 81 لاکھ سے زائد سمز فعال ہیں، جو کسی بھی وقت بلاک کی جا سکتی ہیں، نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فوت شدہ رشتہ داروں کے نام پر رجسٹرڈ 15 لاکھ سمز کو فوری طور پر اپنے نام منتقل کرائیں۔ نادرا نے ایسے والدین کو بھی بذریعہ SMS یاد دہانی بھیجی ہے جن کے بچے 18 سال کے ہو چکے ہیں لیکن انہوں نے ابھی تک اپنا سناختی کارڈ نہیں بنوایا، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے وقت پر نادرادفاتر یا آن لائن پورٹل سے رجوع کریں۔