پنجاب حکومت کا احتساب کا عمل مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

04-10-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت کا احتساب کا عمل مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے فیصلہ سامنے آیا ہے، محکمہ لیبر اور سوشل سکیورٹی اداروں کے اکاؤنٹس کاآڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے کروایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی ایمپلائز سوشل سکیورٹی آرڈیننس 1965 میں ترمیم کا بل قائمہ کمیٹی برائے لیبر پنجاب اسمبلی کو موصول ہو گیا ہے بل کے متن کے مطابق محکمہ لیبر کا آڈٹ آڈیٹر جنرل آف پاکستان سے کروایا جائے گا جبکہ سوشل سکیورٹی اداروں کے اکاؤنٹس آڈیٹر جنرل پاکستان سے آڈٹ کروائے جانے کا کہا گیا ہے۔       ترمیمی متن میں گورننگ باڈی میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے نمائندے کو شامل کرنے اورگورننگ باڈی ممبران کی تعداد چار سے بڑھا کر پانچ کرنے سمیت فنانس کے ساتھ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے نمائندہ کی شمولیت کی تجویز دی گئی ہے۔ ترمیم میں قانون کے مطابق متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی شرائط پوری کرنا لازمی قرار دینے کی تجویز  بھی شامل کی گئی ہےجبکہ گورننگ باڈی کو چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ یا فرم سے اضافی آڈٹ کرانے کا اختیار ہو گا۔ علاوہ ازیں سوشل سکیورٹی کو خود میڈیکل، ڈینٹل، نرسنگ ، الائیڈ ہیلتھ ادارے قائم کرنے کی اجازت بھی ہو گی، متعلقہ کمیٹی 2 ماہ میں بل پر رپورٹ ایوان میں پیش کرے گی۔