حکومت پنجاب کیجانب سے بیرون ملک روزگار کیلئے نیا ایکٹ تیار
04-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ اتھارٹی ایکٹ 2026 کا مسودہ تیار کر لیا۔
حکام کے مطابق نئے ایکٹ کے تحت صوبے میں مہارتوں کی ترقی کیلئے ایک جامع حکمت عملی متعارف کرائی جائے گی، جبکہ سکلز ڈویلپمنٹ کے تمام ادارے ایک نئی اتھارٹی کے تحت کام کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ اتھارٹی پالیسی سازی، معیار کے تعین اور نظام کی مؤثر نگرانی کرے گی، جبکہ مختلف اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر اصلاحات کو یقینی بنائے گی۔ نئے ایکٹ کے تحت مہارتوں کا مکمل نقشہ (اسکل میپنگ) تیار کیا جائے گا اور جدید تربیتی ماڈلز کی سفارشات مرتب کی جائیں گی، تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کے مطابق تربیت دی جا سکے۔ مزید برآں بین الاقوامی سطح پر ہنر مندی کے تصدیقی پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا، جس سے پاکستانی نوجوانوں کیلئے بیرون ملک ملازمت کے مواقع بڑھیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ ایکٹ تربیتی پروگرامز، سرمایہ کاری اور عالمی تعاون کو فروغ دے گا، جبکہ صوبے میں اقتصادی تبدیلی اور ہنر مند افرادی قوت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس اقدام سے پنجاب میں عالمی سطح پر مہارتوں کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔