قومی ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم کیلئے فنڈز جاری
04-10-2026
(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو سینئر ہاکی ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور بیلجیم (پرو لیگ) کے لئے درکار تمام فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے قومی کھیل کی بحالی کے لئے ایک سنگ میل قرار دیا اور حکومت کے غیر متزلزل تعاون پر اسکا شکریہ ادا کیا ہے۔ پی ایچ ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ فنڈز کی فراہمی سے قومی کھلاڑیوں کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا، حکومت کو یقین دلایا ہے کہ ان وسائل کا شفاف اور مؤثر استعمال کیا جائے گا تاکہ عالمی سطح پر پاکستان ہاکی کا وقار بلند کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ ہمارے ہیروز قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں جبکہ دورے کے تفصیلی شیڈول اور میچوں کی تفصیلات کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے مزید کہا کہ ہم حکومت کے اس اعتماد پر ان کے مشکور ہیں اور ان وسائل کو پاکستان ہاکی کی عظمتِ رفتہ کی بحالی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔