پاکستان نے منفرد مقام حاصل کر لیا، دنیا میں امن کا داعی بن کر ابھرا ہے: نواز شریف

04-10-2026

(لاہور نیوز) قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آج دنیا میں پاکستان نے منفرد مقام حاصل کرلیا اور امن کا داعی بن کر ابھرا ہے۔

گورنر سندھ سید نہال ہاشمی کی آمد پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی عالمی امن کے لیے خوش آئند پیشرفت ہے، پاکستان نے ذمہ دار ریاست کا کردار ادا کرتے ہوئے امن کے قیام میں اہم حصہ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے مثال سفارتی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، شہبازشریف کی قیادت میں سفارتی محاذ پر قابلِ تحسین کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لئے فعال اور مثبت کردار ادا کیا، ایران اور امریکہ کا مذاکرات کے ذریعے حل کی جانب آنا خوش آئند ہے، عالمی تنازعات کا حل جنگ نہیں بلکہ سفارتکاری اور مذاکرات میں ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو امن کا پیغام دیا، موجودہ حکومت نے پاکستان کا عالمی امیج بہتر کیا، پاکستان کی کوششیں خطے میں استحکام لانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی، عالمی برادری کو چاہیے کہ امن کے اس موقع سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام کا داعی رہا ہے، دعا ہے کہ یہ جنگ بندی مستقل عالمی امن کی بنیاد بنے، پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ مشکل حالات میں بھی مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پُرخلوص اور عالمی امن کے لئے بے مثال کوششیں  کامیاب ہوئیں، اللہ تعالیٰ نے امن کے قیام کے لئے پاکستان کو چُنا، جتنا بھی شکر ادا کریں اتنا کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا میں امن کے لئے پاکستان کی مخلصانہ اور تاریخی کوشش نے ناممکن کو ممکن بنایا، امریکا، ایران اور تمام اسلامی ممالک کی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے جن کی کوشش سے اربوں انسانوں کو امن نصیب ہوا۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ سے بچالیا، معرکہ حق کے بعد ابھرنے والا پاکستان دنیا میں امن کا مرکزی کردار بن کر ابھرا ہے، امید ہے کہ پاکستان کی مخلصانہ کوششوں سے پائیدار امن قائم ہوگا، تنازعات مذاکرات سے حل ہوں گے۔