سائبر کرائم یونٹ قائم: ہراسمنٹ پر موبائل یونٹ بچوں کے پاس جائے گا
04-10-2026
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سائبر کرائم یونٹ کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس میں سائبر کرائم کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے اور اجلاس میں پنجاب سائبر کرائم یونٹ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب سائبر کرائم یونٹ کے قیام کی منظوری کے بعد بلیک میلنگ اور ہراسمنٹ کا شکار بچوں کو شکایت کیلئے تھانے یا کسی دفتر میں نہیں جانا پڑے گا۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ متاثرہ کم عمر بچے اور بچیوں کی شکایت کے اندراج کیلئے موبائل یونٹ جائے گا، متاثرہ بچے بالخصوص خواتین ورچوئل پولیس اسٹیشن میں بھی شکایت درج کرا سکیں گی جبکہ متاثرہ بچوں اور خواتین کی شناخت مکمل طور پر پوشیدہ رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ مجرموں کو قرار واقعی سزا دینے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔