لاہور میں ستھرا پنجاب مہم تیز، صفائی ٹیمیں شہر بھر میں متحرک
04-10-2026
(لاہور نیوز) لاہور میں صفائی ستھرائی کو بہتر بنانے کیلئے“ستھرا پنجاب” مہم کے تحت بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، جس میں صفائی ٹیمیں شہر بھر میں متحرک ہیں۔
بابر صاحب دین کی ہدایت پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی صفائی مہم چلائی جا رہی ہے، اس سلسلے میں بابو صابو، ٹھوکر نیاز بیگ، سگیاں پل اور راوی پل سمیت اہم مقامات پر صفائی عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ صفائی کے عمل میں مینوئل سویپنگ اور سکریپنگ کے ساتھ ساتھ پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ گرد و غبار اور آلودگی پر قابو پایا جا سکے، حکام کے مطابق صبح کی شفٹ میں 7 ہزار سے زائد کوڑا کنٹینرز کلیئر کئے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمرشل مارکیٹس کے ساتھ ساتھ مرحلہ وار رہائشی علاقوں کو بھی “زیرو ویسٹ” بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس کے علاوہ فیروز پور روڈ، جیل روڈ، مال روڈ اور گلبرگ جیسے مصروف علاقوں میں بھی صفائی ٹیمیں سرگرم عمل ہیں۔ شہر کے اہم عوامی مقامات جیسے داتا دربار، لاری اڈا، آزادی چوک اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جبکہ چوبرجی، سیکرٹریٹ اور بابا گراؤنڈ میں بھی صفائی اور کلیئرنس کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق لاہور کے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔