پاکستان سٹاک مارکیٹ کا پہلے ٹریڈنگ سیشن کا مثبت زون میں اختتام
04-10-2026
(لاہور نیوز) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں پہلے ٹریڈنگ سیشن کا مثبت زون میں اختتام ہوا ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، 2000 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 67 ہزار 844 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ تاہم پہلے ٹریڈنگ سیشن کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1443 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 66 ہزار 961 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران مارکیٹ میں مجموعی طور پر 37 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت تقریباً 22 ارب روپے رہی۔ دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی سنبھلتی صورتحال کے باعث ایشیائی مارکیٹوں میں بھی تیزی آئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق جاپان کے نکی انڈیکس میں 2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تھائی لینڈ کے سیٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد کی تیزی دیکھنے میں آئی، جبکہ چین اور ہانگ کانگ کی سٹاک مارکیٹ میں بھی ایک فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔