پاکستان کی سفارتکاری کے باعث ممکنہ عالمی جنگ کو ٹال دیا گیا، میاں مرغوب احمد
04-10-2026
(لاہور نیوز) وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے امریکہ ایران جنگ بندی اور مذاکرات کے انعقاد پر وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکہ-ایران جنگ بندی کا مکمل سہرا پاکستانی قیادت کو جاتا ہے اور پاکستان کی مؤثر سفارتکاری کے باعث ایک ممکنہ عالمی جنگ کو ٹال دیا گیا، اس پیش رفت سے خلیجی خطے میں امن قائم ہوا ہے اور پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت کردار مزید اجاگر ہوا ہے۔ میاں مرغوب احمد نے کہا کہ آج پاکستان دنیا میں ایک امن پسند اور صلح جو ملک کے طور پر ابھرا ہے، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک بار پھر عالمی برادری میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے اس سفارتی کامیابی کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز بھی اسی قیادت کو دیا ہے، ماضی میں بھی نواز شریف کی قیادت میں ایٹمی دھماکے کر کے ملک کا دفاع مضبوط بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیاں، بشمول ایران-امریکہ جنگ بندی، پاکستان کیلئے ایک نئی سفارتی جہت کا آغاز ہیں، آج دنیا بھر کی نظریں اسلام آباد پر مرکوز ہیں۔ میاں مرغوب احمد نے امید ظاہر کی کہ ایران-امریکہ مذاکرات کی کامیابی کے بعد عالمی معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات اور مہنگائی میں کمی آئے گی، اس پیش رفت کے بعد پاکستان ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہو گا اور عالمی سطح پر اپنا مؤثر کردار مزید مضبوط کرے گا۔