جمعۃ المبارک: آئی جی پنجاب کا صوبہ بھر میں سکیورٹی سخت کرنے کا حکم
04-10-2026
(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر عبدالکریم نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سمیت تمام شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے پولیس حکام کو مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، مارکیٹوں اور دیگر حساس مقامات کی سکیورٹی ہر صورت یقینی بنانے کی تاکید کی، اس کے ساتھ ساتھ مساجد، امام بارگاہوں، کاروباری مراکز کے اطراف اور اہم شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مذہبی و حساس مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ مزید برآں، ڈی پی اوز اور دیگر سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، انہوں نے زور دیا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات کے اطراف سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔