لاہور میں پنجاب انویسٹمنٹ سمٹ 2026 کی تیاریوں کا آغاز

04-10-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں پنجاب انویسٹمنٹ سمٹ 2026 کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

اس سلسلے میں سی بی ڈی پنجاب اور روڈا نے مشترکہ طور پر پری لانچ انویسٹر میٹنگ کا انعقاد کیا، یہ اہم اجلاس سی بی ڈی پنجاب بزنس سینٹر میں منعقد ہوا جس میں معروف کاروباری گروپس کے نمائندوں، مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام  نے شرکت کی، میٹنگ کے دوران شرکاء کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مستقبل کے معاشی ویژن سے آگاہ کیا گیا۔ سی بی ڈی پنجاب اور روڈا کے حکام  نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سرمایہ کاروں کیلئے سازگار اور محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہیں، سی او او کے عہدے پر فائز بریگیڈیئر (ر) منصور جنجوعہ نے کہا کہ ادارے کی توجہ ایسے ماحول کی تشکیل پر ہے جہاں سرمایہ کار خود کو پراعتماد محسوس کریں، جبکہ دونوں ادارے صوبے کی طویل مدتی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔ دریں اثنا، روڈا کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ شہریار رانا  نے سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کیلئے وسیع امکانات موجود ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او سی بی ڈی پنجاب و روڈا عمران امین  نے سرمایہ کاروں کو آئندہ منعقد ہونے والے پنجاب انویسٹمنٹ سمٹ 2026 میں شرکت کی دعوت دی، ان کا کہنا تھا کہ اس مشترکہ مشن کے ذریعے ایک مضبوط اور دیرپا اثر پیدا کرنا مقصود ہے، جو تعاون کو فروغ دے اور ترقی کے نئے دروازے کھولے۔ تقریب کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں سرمایہ کاروں نے مختلف امور پر اپنے سوالات پیش کئے۔