وزیر اعظم سے فیلڈ مارشل کی ملاقات، کشیدگی میں کمی پر اظہار اطمینان

04-09-2026

(لاہور نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں اب تک کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی، ملاقات میں خطے میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی ثالثی کوششوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام فریق امن اور جنگ بندی کو برقرار رکھیں، اس موقع پر پُرامن مذاکراتی حل کیلئے سہولت اور ہر ممکن تعاون کی فراہمی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں فریقین کی جانب سے دکھائے گئے تحمل اور بردباری کو سراہا گیا، وزیراعظم نے اس عمل میں شامل فریقوں کے عزم کی تعریف کی، وزیراعظم نے امن کے حصول کی کوششوں میں کامیابی کی دعا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آنے والے وفود کو دعوت کی تجدید کی اور کہا کہ پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اور اعلیٰ ترین میزبانی فراہم کی جائے گی۔