اپنی ٹیم کو پی ایس ایل 11 جتوانا ہدف ہے: عثمان طارق

04-09-2026

(ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل عثمان طارق نے کہا ہے کہ اُمید ہے کراچی میں کنڈیشنز سپنرز کو سپورٹ کریں گی، ہدف یہی ہے کہ اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عثمان طارق کا کہنا تھا کہ کوئی ایک وکٹ نہیں، سب ہی بیٹرز کی وکٹ پر نظریں ہیں، جب ٹیم کو آپ سے توقعات ہوتی ہے تو یہ ذمے داری کا احساس اہم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیل کر پلیئر کا اعتماد کافی بہتر ہو جاتا ہے، انٹرنیشنل کرکٹرز سے لیگ کرکٹ میں توقعات بڑھ جاتی ہیں،ٹاپ لیول کرکٹ میں آپ کا نام نہیں بلکہ آپ کی پرفارمنس اہم ہوتی ہے، آپ جتنا بڑا بھی نام ہوں، اگر اچھی باؤلنگ نہیں ہوگی تو رزلٹ نہیں ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے ایکشن کے اثر کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر انحصار کرتا ہوں، کوشش ہوتی ہے کہ بیٹر کو اس کے سٹرانگ زون کے بجائے اپنے پلان کے مطابق کھلاؤں۔ عثمان طارق نے مزید کہا کہ آج کل ٹی 20 کرکٹ کافی بیٹنگ فرینڈلی ہوگئی ہے، آج کل کی کنڈیشنز میں باؤلرز کو کافی دماغ لگانا ہوتا ہے، بیٹر کے لئے میچ کی سیچوشن کے مطابق گیندیں پلان کرتا ہوں۔