اسلام آباد یونائیٹڈ کے زخمی ہونیوالے فاسٹ بولر میر حمزہ نے سکواڈ کو دوبارہ جوائن کر لیا

04-09-2026

(ویب ڈیسک) سر پر گیند لگنے کے بعد زخمی ہونے والے فاسٹ بولر میر حمزہ سجاد نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ کو دوبارہ جوائن کرلیا۔

ترجمان اسلام آباد یونائیٹڈ کے مطابق ہسپتال سے مکمل تسلی اور کلئیرنس کے بعد میر حمزہ سجاد نے سکواڈ کو جوائن کیا ہے، میر حمزہ سر پر گیند لگنے کے باعث کچھ دیر کے لیے بے ہوش ہوگئے تھے۔ ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے میڈیکل سٹاف نے فوری طور پر میر حمزہ کو طبی امداد فراہم کی اور ہسپتال منتقل کیا، میر حمزہ کو ایمبولینس میں ہوش آنا شروع ہوچکا تھا اور وہ میڈیکل ٹیم سے بات بھی کررہے تھے۔ ترجمان کے مطابق میرحمزہ سجاد کا ہسپتال پہنچ کر سی ٹی سکین کروایا گیا اور رات بھر ان کا معائنہ کیا گیا، ڈاکٹروں نے مکمل رپورٹس اور معائنے کے بعد میر حمزہ کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا، اب وہ ہوٹل پہنچ چکے ہیں جہاں میڈیکل ٹیم ان کی مسلسل نگرانی کررہی ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ فاسٹ بولر کے لیے مسلسل دعائیں اور خیال رکھنے پر میڈیکل پینل، دیگر فرنچائزز اور شائقین کے مشکور ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ میر حمزہ کے ساتھ کھڑی ہے، کھلاڑی کی صحت و سلامتی اسلام آباد یونائیٹڈ کی اولین ترجیح میں شامل ہے۔