پیکا قانون بناتے وقت مشاورت کا فقدان اسکی بڑی خامی ہے، گورنر پنجاب

04-08-2026

(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ بات چیت کے ذریعے نکلنے والے راستے ہی ملک و قوم کی بہتری کا باعث بنتے ہیں، پیکا قانون ہو یا کوئی اور معاملہ، اختلافات کا حل صرف مذاکرات اور مشاورت میں ہی پوشیدہ ہے۔

لاہور پریس کلب میں جرنلسٹس کنونشن کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں حکومتوں کی خامیاں اور کمزوریاں موجود رہی ہیں۔ پیکا قانون بناتے وقت مشاورت کا فقدان اس کی سب سے بڑی خامی ہے، اگر تمام سٹیک ہولڈرز سے بات چیت کر کے قانون بنایا جاتا تو نتائج زیادہ بہتر ہو سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس قوانین میں بھی متعدد خامیاں پائی جاتی ہیں جبکہ کاروباری طبقہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہتا ہے مگر ان سے مؤثر مشاورت نہیں کی جاتی،انہوں نے زور دیا کہ قوانین سے متعلق مسائل کا حل حکومت اور سیاستدانوں کو مل کر نکالنا ہو گا۔       ان کا کہنا تھا پیپلزپارٹی  نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی، پیپلز پارٹی کے دور میں میڈیا پر کبھی پابندی نہیں لگائی گئی، صحافت میں بھی تمام افراد ایک جیسے نہیں ہوتے اور ان کی رائے میں پیکا قانون پر تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت ہونی چاہیے۔