مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی بڑا سفارتی کارنامہ، پاکستان کا کردار قابلِ ستائش: حمزہ شہباز

04-08-2026

(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور نائب صدر مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ میں عارضی جنگ بندی اور مجوزہ مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کی عنایت اور وزیرِ اعظم شہباز شریف کی مؤثر سفارتکاری کا نتیجہ ہے، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت کردار اجاگر ہوا ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تعمیری سفارتکاری اور دانشمندانہ قیادت کے باعث خطے میں کشیدگی میں کمی آ رہی ہے اور امن کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی سہولت کاری سے ہونے والے مذاکرات دیرپا امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی مستقل امن کی بنیاد بن سکتی ہے، جبکہ پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت عالمی ہم آہنگی اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔