مریم نواز کا ایران امریکہ کشیدگی میں کمی پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو خراجِ تحسین
04-08-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی اور ممکنہ جنگ بندی کی کوششوں پر محمد شہباز شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی اور علاقائی سطح پر سفارتی توازن کا شاندار مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں سے دنیا ایک بڑی تباہی سے بچ گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاریخ میں جب بھی اس کشیدگی کا ذکر ہوگا، پاکستان کا نام نمایاں طور پر لکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو جنگ سے بچانے میں پاکستان کی کامیابی سنہری حروف سے لکھی جائے گی اور یہ ایک تاریخی لمحہ بن چکا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے عالمی سیاست میں غیر معمولی سفارتی حکمت عملی سے سب کو حیران کر دیا۔ مریم نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی پاکستان امن معاہدوں کے لیے مذاکرات میں کامیابی حاصل کرے گا اور دنیا کے قدیم تہذیبی ورثے کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔