لاہور: صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 10 ارب روپے کے فنڈز منظور
04-07-2026
(لاہور نیوز) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے 69 ویں اجلاس میں 10 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ مختلف ترقیاتی سکیموں میں 164 پراجیکٹ پوسٹس کی تنخواہوں کے پوزیشن پیپر کی منظوری بھی کر دی گئی ہے۔
ترجمان پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے مطابق چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے اجلاس کی صدارت کی جہاں ضلع اوکاڑا میں اوکاڑا دیپال پور روڈ کی ڈیولائزیشن اور تعمیر ومرمت کے لیے 2ارب 80 کروڑ روپےاور ہاؤسنگ کالونی چوک سے فاروق آباد ضلع شیخوپورہ سڑک کی ڈیولائزیشن اور بحالی کے لیے 3ارب 47 کروڑ کےفنڈز منظور کئے گئے۔ ترجمان پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے بتایا کہ این فائیو سے لودھراں ، جلال پور روڈ سڑک کی بحالی و تعمیر اور فلائی اوور کی تعمیر کے لیے 2 ارب 55 کروڑ ،ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں ریکارڈ پریزرویشن اینڈ پبلک ایکسیس مینجمنٹ سسٹم کےمربوط نظام کیلئے 1ارب 49 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف ترقیاتی سکیموں میں 164 پراجیکٹ پوسٹس کی تنخواہوں کے پوزیشن پیپر کی منظوری اور پنجاب پروبیشن اینڈ پیرول سروس کے پوزیشن کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی، چیف اکانومسٹ امتیاز احمد ،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔