کاہنہ: پولیس وردی میں ملبوس افراد نے شہری اغوا، نقدی و زیورات لوٹ لیے
04-07-2026
(لاہور نیوز) کاہنہ کے علاقے میں مبینہ طور پر پولیس وردی میں ملبوس نامعلوم افراد کی جانب سے شہری کے اغوا اور ڈکیتی کی واردات سامنے آئی ہے۔
پولیس نے مغوی کی اہلیہ سمیرا سید کی مدعیت میں اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق متعدد ملزمان پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوئے اور کارروائی کے دوران شہری کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔ مدعیہ کے مطابق ملزمان گھر سے نقدی، زیورات اور گاڑی بھی لے گئے جبکہ واقعہ کی کلوز سرکٹ کیمرہ فوٹیج بھی موجود ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی تعداد ایک سے زائد تھی اور تمام افراد پولیس جیسی وردی میں ملبوس تھے۔ واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے، جبکہ کیس کو اغوا کے ساتھ ساتھ ڈکیتی کے پہلو سے بھی تفتیش کیا جا رہا ہے۔