سکول ٹیچر انٹرنز کی نئی بھرتیوں پر پابندی عائد

04-07-2026

(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول ٹیچر انٹرنز کی نئی بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

یہ فیصلہ فنانس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری مراسلے کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد پہلے سے بھرتی شدہ ایس ٹی آئیز (سکول ٹیچر انٹرنز) کے کنٹریکٹ اور بجٹ کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا ہے۔ مراسلے کے مطابق، پہلے سے بھرتی شدہ سکول ٹیچر انٹرنز کے کنٹریکٹ کو مزید بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے، جبکہ فیز ٹو میں بھرتی ہونے والے ایس ٹی آئیز کے لیے ہر ضلع کی الگ سے بجٹ کی منظوری دی جا چکی ہے۔ اس حوالے سے سی ای اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خالی آسامیوں کی ایلوکیشن فراہم کریں تاکہ ہر ضلع میں موجود سکولوں کی ضروریات کے مطابق عمل درآمد ہو سکے۔ سکول ٹیچر انٹرنز کو ماہانہ وظیفہ منظور شدہ بجٹ کے اندر ہی ادا کیا جائے گا اور اضافی بجٹ کی کوئی درخواست قابل قبول نہیں ہوگی۔ اس اقدام کے ذریعے محکمہ تعلیم یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ بجٹ کے مؤثر استعمال اور سکولوں میں انسانی وسائل کی مناسب تقسیم کے اصول پر عمل ہو۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ سکولوں کی ضروریات کے مطابق آسامیوں کی تقسیم اور سکول ٹیچر انٹرنز کی خدمات کو بہتر طور پر منظم کرنے کے اقدامات جاری رہیں گے، تاکہ تعلیمی نظام میں استحکام اور معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔