حکومت نے کاروباری اوقات کار محدود کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

04-07-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے توانائی بچت اور نظم و ضبط کو بہتر بنانے کیلئے کاروباری اوقات کار سے متعلق نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت دکانوں، مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز کے اوقات کار محدود کر دیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنا لازمی ہوں گے، جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کاروبار بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔ اسی طرح شادی ہالز، بینکوئٹس اور شادی کی تقریبات بھی رات 10 بجے تک محدود کر دی گئی ہیں اور یہ پابندی گھروں اور فارم ہاؤسز میں ہونے والی شادیوں پر بھی لاگو ہوگی۔ حکام کے مطابق چند اہم شعبوں کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جن میں فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریز اور ہسپتال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز، تندور، بیکریاں، دودھ اور ڈیری شاپس بھی معمول کے مطابق کھلی رہیں گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد توانائی کے استعمال میں کمی لانا اور شہری نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔