سٹیٹ بینک نے آئی ٹی ایکسپورٹرز، فری لانسرز کیلئے نئی سہولتیں متعارف کرا دیں

04-06-2026

(لاہور نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئی ٹی کے برآمد کنندگان اور فری لانسرز کے لیے نئی سہولتیں متعارف کروا دیں۔

  بینک دولت پاکستان نے آئی ٹی کے برآمدکنندگان اور فری لانسرز کو سہولت دینے کے لیے اصلاحات کا ایک مجموعہ متعارف کرایا ہے، ان اصلاحات کا مقصدبرآمدی وصولیوں کے طریقہ کار کو آسان، دستاویزی تقاضوں کو معیاری بنانا، ٹرانزیکشن کی پروسیسنگ کے اوقات مقرر کرنا اور شکایات کے ازالے کے نظام کو تقویت دینا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ضمن میں آئی ٹی کمپنیوں اور فری لانسرز کو اب ہر انفرادی برآمدی لین دین کے لیے فارم ’R‘ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی، اس کے بجائے وہ اکاؤنٹ کھولتے وقت ایک بار اعلامیہ فراہم کریں گے جس میں بیرونِ ملک فراہم کی جانے والی خدمات کی نوعیت واضح کی جائے گی، جبکہ موجودہ صارفین ضرورت پڑنے پر ایسا کریں گے۔ مجاز ڈیلر (بینک) برآمدی لین دین کی رپورٹنگ اور پروسیسنگ کی غرض سے برآمد کنندہ کے اکاؤنٹ کے ساتھ متعلقہ سروس اور مقصد کا کوڈ منسلک کریں گے، اگر برآمدکنندہ کی جانب سے کوئی اور ہدایت موجود نہ ہو، برآمدکنندگان کے سپیشل فارن کرنسی اکاؤنٹس سے آنے والی برآمدی رقوم اور بیرونِ ملک ترسیلات کی پروسیسنگ کے لیے زیادہ سے زیادہ ایک کاروباری دن کا وقت مقرر کر دیا گیا ہے۔ بیرونِ ملک سے خدمات حاصل کرنے میں برآمدکنندگان کے سپیشل فارن کرنسی اکاؤنٹس سے کی جانے والی ادائیگیوں کے دستاویزی تقاضوں کو معیاری بنایا گیا ہے تاکہ بینکوں میں یکسانیت اور واضح پن کو فروغ دیا جا سکے۔