پنجاب اسمبلی: صحافیوں کی برطرفی کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

04-06-2026

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں صحافتی اداروں میں صحافیوں کی برطرفی کے خلاف پیش کی گئی قرارداد متفقہ طورپر منظور کر لی گئی۔ قرارداد حکومتی رکن افتخار چھچھر نے ایوان میں پیش کی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہےکہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان میڈیا ورکرز کی ابتر معاشی حالت پر تشویش کااظہار کرتا ہے، یہ ایوان مختلف صحافتی اداروں سے برطرف درجنوں ملازمین کی فوری بحالی کا مطالبہ کرتا ہے۔ میڈیا اداروں میں تنخواہوں کی بروقت ادائیگی نہ ہونے پر تشویش کااظہار کرتا ہے،یہ ایوان وفاقی حکومت و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ میڈیا ورکرز کی بروقت تنخواہوں کے ادائیگی کےلیے ایک جامع پالیسی بنائی جائے تاکہ ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہ مل سکے، اس حوالے سے میڈیا اداروں کو جواب بنایا جائے۔ متن میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان محکمہ اطلاعات پنجاب و دیگر متعلقہ اداروں پر زور دیتا ہے کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل اور روزگار ، ملازمتوں کے تحفظ و استحکام کےلئے جامع حکمت عملی تشکیل دے۔ پی ایف یو جے ،پریس گیلری دیگر منتخب پریس باڈیز کے ساتھ مستقل اور باہمی مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔یہ ایوان وفاقی و صوبائی حکومت سے پرزورمطالبہ کرتاہے کہ ایسے میڈیا اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے جو غیر قانونی معاہدوں اور تنخواہوں کی بندش و عدم ادائیگی میں ملوث پائے گئے ہیں تاکہ میڈیا وکرز کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔