سبزیوں، پھلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ،سرکاری ریٹ لسٹ نظرانداز
04-06-2026
(لاہور نیوز) شہر کی اوپن مارکیٹ میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں متعدد اشیاء سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں۔
مارکیٹ سروے کے مطابق آلو کی سرکاری قیمت 20 روپے مقرر ہے، تاہم یہ 40 روپے فی کلومیں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح پیاز 65 روپے کے بجائے 100 روپے ، ٹماٹر 75 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 120 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ دیگر اشیاء میں لہسن (چائنہ) کی سرکاری قیمت 480 روپے ہے مگر یہ اوپن مارکیٹ میں 550 روپے تک فروخت ہو رہا ہے، ادرک 272 روپے کے بجائے 400 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ بھنڈی کی سرکاری قیمت 195 روپے ہے لیکن بازار میں یہ 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے، جبکہ ٹینڈے دیسی 300 روپے فی کلو تک پہنچ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں کریلا 157 روپے کے سرکاری نرخ کے مقابلے میں 180 روپے، لیموں 60 روپے کے بجائے 100 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں سیب سفید 275 روپے کے بجائے 350 روپے فی کلو، کیلا 210 روپے کے مقابلے میں 260 روپے فی درجن جبکہ امرود 152 روپے کے بجائے 250 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں نے قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔