مشرقِ وسطیٰ جنگ: پاکستان سے مزید 52 بین الاقوامی پروازیں منسوخ
04-06-2026
(لاہور نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان میں فلائٹ آپریشن بدستور متاثر، آج ملک کے 6 بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرقِ وسطیٰ کے مختلف ممالک کیلئے مجموعی طور پر 52 دوطرفہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ 37 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 2808 تک پہنچ چکی ہے، جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔ سب سے زیادہ اثر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر دیکھا گیا جہاں دبئی، مشہد، دمام، مدینہ، ریاض، بغداد، ابوظبی، شارجہ، مسقط اور ملائشیا کے روٹس پر 28 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کابل اور بحرین کے سیکٹر پر 4 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر دبئی کے روٹ پر 4 دوطرفہ پروازیں متاثر ہوئیں۔ اسی طرح باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے دبئی، دوحہ، شارجہ، ابوظبی اور فجیرہ کیلئے 10 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی اور قطر کے روٹس پر 4 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، ایئر بلیو، ایئر عربیہ، ایران ایئر، قطر ایئرویز، ایئر سیال، اتحاد ایئرویز، عمان ایئر، گلف ایئر اور کام ایئر سمیت دیگر ایئرلائنز شامل ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری غیر یقینی صورتحال اور فضائی حدود میں ممکنہ رکاوٹیں ان منسوخیوں کی بڑی وجہ ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔