نادرا کا احسن اقدام، ویزوں اور بائیو میٹرک کا عمل مزید آسان کر دیا

04-05-2026

(لاہور نیوز) نادرا نے ویزوں اور بائیو میٹرک کا عمل مزید آسان کر دیا، اب خونی رشتوں کی تصدیق، وراثت، گاڑیوں کی منتقلی، پاسپورٹ، اسلحہ لائسنس اور پنشنرز کیلیے ’پروف آف لائف‘ کی تصدیق گھر بیٹھے کر سکیں گے۔

نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا اور اپ گریڈ شدہ ورژن متعارف کروا دیا جس سے ویزا درخواست اور بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مزید آسان ہو گیا۔ نادرا کی جانب سے جاری بیان اور معلوماتی ویڈیو کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے نئے ورژن میں پاکستان آنے کے خواہشمند غیر ملکیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ویزا کے عمل کو انتہائی سادہ بنا دیا گیا، اب دنیا کے 193 ممالک کے شہری تمام ویزا کیٹیگریز کیلیے اس ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ اب درخواست گزار کو اپنا نام، پاسپورٹ نمبر اور تاریخ تنسیخ (Expiry) دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ایپ میں اپ لوڈ یا کیپچر کا آپشن استعمال کرتے ہوئے جیسے ہی پاسپورٹ سائز کی تصویر بنائی جائے گی سسٹم خودکار طریقے سے تمام کوائف اسکین کر کے فارم میں درج کر دے گا۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ہوم پیج پر بائیو میٹرک تصدیق کیلیے ایک الگ سیکشن بنا دیا گیا ہے تاکہ صارفین کو پیچیدگی کا سامنا نہ کرنا پڑے، فیچر کے تحت درج ذیل سہولیات میسر ہوں گی۔ صارفین اب خونی رشتوں کی تصدیق، گاڑیوں کی منتقلی، وراثت، پاسپورٹ ، اسلحہ لائسنس اور پنشنرز کیلیے ’پروف آف لائف‘ کی تصدیق گھر بیٹھے کر سکیں گے، چہرے کی تصویر اور انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے عمل کو پہلے سے زیادہ تیز اور آسان بنا دیا گیا ہے۔ ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھانے کیلیے صارفین پلے سٹور یا ایپل اسٹور سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ اپ ڈیٹ کریں۔