3 دن سے لاپتہ چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر کی لاش گاڑی سے برآمد، ہسپتال میں خوف و ہراس

04-05-2026

(لاہور نیوز) تین روز سے لاپتہ چلڈرن ہسپتال کے ڈاکٹر کی لاش گاڑی سے مل گئی۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر احمد لطیف جو چلڈرن ہسپتال کے بلڈ بینک کے انچارج تھے، گزشتہ تین روز سے لاپتہ تھے تاہم اہل خانہ نے ان کی گمشدگی کی اطلاع ہسپتال انتظامیہ کو دی تھی۔ بعد ازاں ڈاکٹر احمد لطیف کی لاش ہسپتال میں کھڑی ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی جس پر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنے کے بعد نعش کو قبضہ میں  لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرحوم گزشتہ کچھ عرصے سے گھریلو مسائل کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھے، تاہم واقعے کی اصل وجوہات کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جا سکے گا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نعش کو پوسٹمارٹم کیلئے مردہ خانہ بھجوا دیا گیا ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے جلد قتل کے اصل محرکات سامنے آ جائیں گے۔