محسن نقوی کی رائیونڈ تبلیغی مرکز آمد، اکابرین سے ملاقات، غیر ملکی وفود کیلئے ویزا سہولیات کا اعلان
04-05-2026
(لاہور نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ میں قائم عالمی تبلیغی مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تبلیغی جماعت کے اکابرین مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی اور مولانا مدثر شاہین سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے ہوئے غیر ملکی اکابرین سے بھی ملاقات ہوئی، جنہوں نے ویزوں کے اجرا میں وزارت داخلہ کے تعاون پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ غیر ملکی وفود کا کہنا تھا کہ اس بار ویزا کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی اور انہیں بھرپور سہولت فراہم کی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کی تبلیغ کے لیے سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور یہ ایک باعثِ ثواب عمل ہے۔ انہوں نے تبلیغی جماعت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جماعت کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں وزارت داخلہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، جبکہ غیر ملکی وفود کے لیے ویزا کے حصول کو مزید آسان بنایا جائے گا اور رواں سال بھی ایئرپورٹس پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ کو اپنے ملک میں ہونے والے عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اختتام پر امت مسلمہ کے اتحاد، شر و باطل کے خاتمے اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔