ایسٹر: سکیورٹی کے فول پروف انتظامات، آئی جی پنجاب کی مسیحی برادری کو مبارکباد

04-05-2026

(لاہور نیوز) ایسٹر کےموقع پر پنجاب بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے مسیحی برادری اور فورس کے مسیحی افسران و اہلکاروں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ان کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے۔ آئی جی پنجاب کے مطابق صوبہ بھر میں ایسٹر کے 3153 پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے 17 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ لاہور میں 647 پروگراموں کیلئے 3 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حساس گرجا گھروں پر اضافی نفری، سنائپرز اور پولیس کمانڈوز تعینات کیے گئے ہیں، گرجا گھروں میں داخلے کیلئے شرکا کی مکمل چیکنگ اور شناخت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پولیس اور کمیونٹی رضا کار مکمل چوکس رہیں، مشکوک افراد، سامان اور اطراف کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھیں، سپروائزری افسران کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات خود مانیٹر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو چرچ انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ ڈولفن، پیرو اور ایلیٹ فورس کے جوانوں کو گرجا گھروں کے اطراف پٹرولنگ یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی چیکنگ مزید سخت کر دی گئی ہے۔