مریم نواز اور محسن نقوی کی مسیحی برادری کو ایسٹر پر مبارکباد، حقوق کے تحفظ کا اعادہ
04-05-2026
(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایسٹر کے پُرمسرت موقع پر مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ملک میں مذہبی ہم آہنگی، محبت اور اتحاد کے فروغ پر زور دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسیحی برادری کی خوشیوں میں ہم برابر کے شریک ہیں اور پاکستان میں بسنے والی یہ برادری امن پسند اور قابل احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری نے نہ صرف تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا بلکہ آج بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے، قائداعظم نے تمام اقلیتوں کے لیے بلا تفریق مساوات کی تعلیم دی، جس پر عمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں اقلیتی برادریوں کے لیے گرانٹس اور ڈویلپمنٹ فنڈز میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ پہلی بار مینارٹی کارڈ متعارف کرا کے ایک لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو سہ ماہی مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر امید، محبت، قربانی اور نئے آغاز کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں رواداری، برداشت اور امن کا درس دیتا ہے اور سب کو چاہیے کہ اس موقع پر بھائی چارے اور باہمی احترام کو فروغ دیں، اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور یہی اتحاد ملک کی اصل طاقت ہے۔