کفایت شعاری مہم: اساتذہ کے کنوئنس الاؤنس میں کٹوتی کا فیصلہ
04-04-2026
(لاہور نیوز) کفایت شعاری مہم کے تحت اساتذہ کے کنوئنس الاؤنس میں کٹوتی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
محکمہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے اس حوالے سے تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کو آگاہ کر دیا ہے کہ جس دن اساتذہ سکول نہیں آئیں گے، اس دن کا کنوئنس الاؤنس ادا نہیں کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ صوبہ بھر میں تین لاکھ سے زائد اساتذہ کو متاثر کرے گا، مزید برآں، جمعے کے روز دی جانے والی چھٹی کے دن کا کنوئنس الاؤنس بھی نہیں دیا جائے گا، جبکہ گزشتہ تین ہفتوں کے کنوئنس الاؤنس کی ادائیگی بھی نہیں کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اساتذہ حلقوں نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، ایسے میں الاؤنس میں کٹوتی سے مالی دباؤ مزید بڑھ جائے گا۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام کفایت شعاری مہم کا حصہ ہے اور حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے ضروری ہے، تاہم اس فیصلے پر اساتذہ تنظیموں کی جانب سے ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔