لاہور چڑیا گھر میں افزائش نسل پروگرام، جانوروں کی جوڑا بندی کا آغاز
04-04-2026
(لاہور نیوز) لاہور چڑیا گھر میں نایاب اور جنگلی جانوروں کی افزائش نسل کیلئے اہم اقدامات شروع کر دیئے گئے۔
وائلڈ لائف حکام کے مطابق جانوروں کی جوڑا بندی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، جنوبی افریقہ سے نر دریائی گھوڑا چڑیا گھر پہنچ گیا، جس کا مقصد پہلے سے موجود مادہ کے ساتھ جوڑا مکمل کرنا اور افزائش نسل کو فروغ دینا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں موجود تنہا جانوروں کو جوڑوں میں تبدیل کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں، اس سلسلے میں شیر اور ٹائیگرز کو بھی جوڑوں کی صورت میں رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کی افزائش ممکن بنائی جا سکے۔ حکام کے مطابق سفید گینڈا تاحال ساتھی کا منتظر ہے، جبکہ لیپرڈ، جیگوار اور دیگر نایاب جانوروں کیلئے بھی موزوں جوڑے تلاش کئے جا رہے ہیں۔ وائلڈ لائف حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف جانوروں کی قدرتی افزائش کو فروغ دینا ہے بلکہ چڑیا گھر میں نایاب نسلوں کو محفوظ بنانا بھی ہے۔