پنجاب ریلیف دینے میں سب سے آگے، عوامی سہولیات میں اضافہ ہوا، عظمیٰ بخاری

04-04-2026

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب ایک بار پھر عوام کو ریلیف دینے میں دیگر صوبوں پر سبقت لے گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو ریلیف فراہم کر کے دلی سکون محسوس کرتی ہیں اور مشکل وقت میں انہوں  نے کبھی بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا، ہر بحران میں وزیراعلیٰ خود میدان میں موجود رہیں اور عوام کے ساتھ کھڑی رہیں۔ عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ صوبہ بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مکمل طور پر مفت کر دیا گیا ہے اور جنگی صورتحال تک عوام کو مفت سفری سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کسانوں کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں، کیونکہ پنجاب کا کسان پورے ملک کو اجناس فراہم کرتا ہے اور اس کی معاونت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی بھی عوام کیلئے بڑا ریلیف ہے، ساتھ ہی کابینہ کی تنخواہوں میں کٹوتی اور کفایت شعاری مہم کے ذریعے حاصل ہونے والے فوائد بھی عام آدمی تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہوں  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کیلئے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ مہنگائی کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔