پٹرول کی نئی قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد، خلاف ورزی پر پمپس سیل

04-04-2026

(لاہور نیوز) ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ شہر بھر میں پٹرول کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متحرک ہو گئی۔

اس سلسلے میں تمام اسسٹنٹ کمشنرز  نے مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کے دورے کئے اور نئی قیمتوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، ماڈل ٹاؤن میں پرانی قیمت پر پٹرول فروخت کرنے والے تین پمپس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تحصیل شالیمار، صدر، رائیونڈ، نشتر اور علامہ اقبال ٹاؤن میں تمام پمپس پر نئی قیمتوں پر عملدرآمد جاری ہے، جبکہ شہر بھر میں پٹرول کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے اور کوئی پمپ بند نہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور  نے واضح کیا کہ حکومتی ریلیف عوام تک پہنچانے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں  نے ہدایت کی کہ پرانی قیمت وصول کرنے والے پمپس کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن لیا جا رہا ہے اور پرانی قیمت پر پٹرول فروخت کرنا عوام کا استحصال ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس امر کو یقینی بنا رہی ہے کہ حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈی کا مکمل فائدہ ہر شہری تک پہنچے، جبکہ منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔