پاکستان کا ابھرتا آٹو سیکٹر عالمی کمپنیوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

04-04-2026

(لاہور نیوز) پاکستان کا آٹو سیکٹر تیزی سے عالمی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

معروف الیکٹرک وہیکل کمپنی بی وائی ڈی کی شمولیت کے بعد ملک کی آٹو انڈسٹری مزید مضبوط ہوئی ہے اور اب یہ شعبہ جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ عالمی سطح پر اپنی جگہ بنانے لگا ہے۔ اس پیش رفت کے تسلسل میں لکی موٹر کارپوریشن نے چین کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی گوانگژو آٹوموبائل گروپ (جی اے سی) کے ساتھ سٹریٹجک شراکت داری قائم کر لی ہے، جو پاکستان میں آٹو سیکٹر کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دی جا رہی ہے۔ فورچون 500 میں شامل جی اے سی گروپ کی پاکستان میں شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ عالمی ادارے ملکی آٹو انڈسٹری پر اعتماد کر رہے ہیں، کمپنی نے پاکستان کو ایک باصلاحیت اور اہم مارکیٹ قرار دیتے ہوئے یہاں جدید الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹیکنالوجی کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ شراکت داری نہ صرف الیکٹرک موبیلٹی کے فروغ میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ مقامی صنعت، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی کو بھی نئی سمت دے گی۔ دوسری جانب مختلف غیر ملکی آٹو کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت پاکستان کے آٹو سیکٹر کو مزید تقویت دے رہی ہے، جس سے مستقبل میں اس صنعت کے مزید مستحکم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔