گڈ فرائیڈے اور ایسٹر پرعارضی نصب ہونیوالے جھولوں پر پابندی عائد: محکمہ داخلہ پنجاب

04-03-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب کا عوامی تحفظ کیلئے اہم فیصلہ، محکمہ داخلہ نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے دوران عارضی نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کر دی۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق عارضی طور پر نصب ہونے والے مکینیکل جھولوں پر پابندی کا اطلاق 3 سے 5 اپریل تک ہوگا، تفریحی پارکس میں مستقل نصب مکینیکل جھولوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ کے ساتھ چلانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر میں ڈپٹی کمشنرز کو تمام جھولوں کی سکیورٹی اور فٹنس چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ترجمان کا کہنا ہےکہ حفاظتی معائنہ مکمل اور معیار پر پورا اترنے والے جھولے ہی چل سکیں گے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں قائم تفریحی پارکس میں نصب مکینیکل جھولوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کیے جائیں، مستقل نصب میکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں۔ ضلعی انتظامیہ تصدیق کرے کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظت کے ضروری معیارات پر پورا اترتا ہے، عارضی مکینیکل جھولوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، ترجمان نے کہا ہے کہ عارضی مکینیکل جھولوں پر پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے کیا گیا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ ایسٹر پر مسیحی برادری خصوصاً بچوں کی بڑی تعداد مکینیکل جھولوں کا استعمال کرتی ہے، عارضی نصب جھولے سکیورٹی پروٹوکولز کے مطابق نہیں ہوتے، اوور لوڈنگ قیمتی انسانی جانوں کیلئے خطرناک ہے، پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو حکم نامے پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔