پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ: پی ٹی آئی کا اے پی سی بلانے کا فیصلہ
04-03-2026
(لاہور نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملا کر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیصلے کا اعلان چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ نائجیریا میں قیمتوں میں اس قدر اضافہ نہیں ہوا بلکہ پاکستان ویتنام سے بھی آگے نکل گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران میں کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ ضرور آیا ہے۔ اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ حکومت گزشتہ چار سالوں میں معیشت کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کر سکی۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب قیمتیں کم کی جاتی ہیں تو وزیراعظم خود اعلان کرتے ہیں، لیکن اضافے کے وقت انہیں بھی سامنے آنا چاہیے تھا، اب حکومت عوام کا سامنا کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ وزیراعظم تین ہفتوں تک خود یہ دعویٰ کرتے رہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتنا بڑا اضافہ نہیں دیکھا گیا۔