پٹرول بحران ہمارا پیداکردہ نہیں، حکومت ریلیف کیلئے اقدامات کر رہی: رانا ثنا اللہ
04-03-2026
(لاہور نیوز) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پٹرول بحران ہمارا پیداکردہ نہیں،حکومت ریلیف دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت توانائی کا چیلنج درپیش ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی سطح پر مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے پاکستان بھی متاثر ہو رہا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومت پاکستان عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہی ہے، دنیا کے مختلف ممالک میں پٹرول اور ڈیزل دستیاب ہی نہیں۔ مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کفایت شعاری اقدامات پر عمل پیرا ہے، وزیراعظم نے بروقت اقدامات کر کے پٹرولیم کی فراہمی یقینی بنائی، دنیا میں مختلف ممالک کے لوگ لمبی لائنوں میں لگے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم نےایک دوسرے کا گریبان نہیں پکڑنا، عوام کواس چیزکا ادراک ہونا چاہیے کہ حکومت جنگ بند کرانے کے لیے بھی کوششیں کر رہی ہے، احتجاج کر کے ہم ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کریں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس موقع پر مثبت کردار ادا کرنا چاہیے یہ بحران ہمارا پیداکردہ نہیں ہم اس بحران سے بھی باوقار قوم کی طرح نکلیں گے۔ مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سبسڈی کےذریعےعوام کو ریلیف دیا جا رہا ہے، کچھ لوگ صورتحال کا فائدہ اٹھا کر سیاسی ایجنڈا آگے بڑھانا چاہتے ہیں، حکومت کو کریڈٹ دینے کے بجائے احتجاج کی ہوا دے رہےہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عالمی سطح پر قیمتیں ایران جنگ کی وجہ سے بڑھی ہوئی ہیں، چند عناصر موجودہ حالات میں عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔