ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی کا پی سی بی کو خیر باد

04-03-2026

(لاہور نیوز) ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے پی سی بی کو خیر باد کہہ دیا۔

ذرائع کے مطابق اتوار کو عبداللہ خرم نیازی کا کرکٹ بورڈ میں آخری دن ہو گا، انہوں  نے ڈومیسٹک کوچز کو الوداعی پیغام بھی دیا۔ انہوں نے کہا آپ ہمارے کرکٹ کے ڈھانچے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، میں  نے آپ کے تجربات اور تعاون سے بہت کچھ سیکھا ہے، غیر ارادی طور پر کوئی تکلیف پہنچی ہو تو میں آپ سے مخلصانہ معافی چاہتا ہوں۔ الوداعی پیغام میں انہوں نے کہا پچھلے دو سالوں میں آپ سب کے ساتھ کام کرنا ایک اعزاز کی بات ہے، ہم  نے مل کر پاکستان بھر میں کرکٹ کی بہتری کیلئے کوشش کی اور میں ہر سطح پر آپ کی لگن، عزم اور جذبے کی واقعی تعریف کرتا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم  نے کارکردگی پر مبنی ثقافت متعارف کرانے، اپنے ڈھانچے کو مضبوط کرنے، سکول کرکٹ کو فروغ دینے اور مجموعی نظام کو بہتر بنانے کیلئے  اجتماعی کوششیں کیں۔ ذرائع کے مطابق خرم نیازی کی اگلی منزل کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہے۔