9 مئی کیس: علیمہ و عظمیٰ کی عبوری ضمانت میں توسیع، احتجاج کی کال
04-03-2026
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کے مقدمات میں شاہ محمود قریشی ،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان ،عظمیٰ خان سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں میں 7 مئی تک توسیع کردی، علیمہ خان نے احتجاج کی کال دے دی۔
ٰلاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے ڈیوٹی جج نے نو مئی کے مقدمات میں عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، دوران سماعت علیمہ خان ،عظمیٰ خان ،مسرت جمشید اور جمشید نے عدالت پیش ہو کر حاضری لگوائی جبکہ اعظم سواتی اور اسد عمر نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اعظم سواتی صحت کی خرابی جبکہ اسد عمر فلائٹ کی عدم دستیابی کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے، عدالت نے دونوں ملزمان کی حاضری معافی منظور کرلی اور تمام ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 7 مئی تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پراسکیوشن سے ریکارڈ اور وکلاء سے دلائل طلب کرلیے۔ ملزمان پر نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات درج ہیں، عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں کیونکہ ہم لوگ مسلسل برداشت کر رہے ہیں، ہماری ذمہ داری ہمارا بھائی ہے، جس کی رہائی کے لیے پوری کوشش کر رہے ہیں، زیادہ سے زیادہ ہمیں مار ڈالیں یا جیلوں میں ڈالیں گے، ہم شہادت کے لیے تیار ہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ ان کا ارادہ ہے کہ کئی سال تک بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نہ نکالا جائے اب ایک ہی طریقہ ہے کہ مزاحمت کرنا ہے، پی ٹی آئی کے کم ازکم 50 ،60 ہزار نوٹیفائڈ عہدے دار ہیں، صرف پنڈی ڈویژن کے پندرہ سے بیس ہزار لوگ ہیں، ہماری اپیل ہے کہ قریبی اضلاع کے دس ہزار عہدیداران منگل کو اڈیالہ جیل کے باہر پہنچیں، جب تک پریشر نہیں بنائیں گے، بانی رہا نہیں ہوگا۔