آئل ٹینکرز کی ہڑتال کا اعلان، پٹرولیم سپلائی معطل ہونے کا خدشہ
04-03-2026
(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بڑے اضافے کے بعد آئل ٹینکر کنٹریکٹر ایسوسی ایشن نے سخت احتجاج کا اعلان کر دیا۔
ایسوسی ایشن کے صدر عبداللہ آفریدی نے کہا ہے کہ کل سے کسی بھی آئل ٹینکر کو لوڈ نہیں کیا جائے گا اور ٹینکر مالکان اپنی گاڑیاں بند رکھیں گے۔ انہوں نے او ایم سیز (آئل مارکیٹنگ کمپنیوں) کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ کرایوں پر کام کرنا ممکن نہیں رہا اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے سے متعلقہ حکام سے مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں مگر کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہو سکی۔ عبداللہ آفریدی کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب اور دیگر علاقوں میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو ملک گیر ہڑتال اور احتجاج کیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن نے تمام ٹینکر مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں بند رکھیں اور احتجاج میں بھرپور حصہ لیں۔