حکومت کو رواں مالی سال 4.2 فیصد شرح نمو کا ہدف حاصل ہونے کی امید

04-03-2026

(لاہور نیوز) حکومت نے رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ 4.2 فیصد معاشی شرح نمو کا ہدف حاصل کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔

نیشنل اکاؤنٹس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی ترقی کی رفتار ہدف سے کم رہی، پہلی سہ ماہی کی شرح نمو پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے 3.71 فیصد سے کم کر کے 3.63 فیصد کر دیا گیا، جبکہ دوسری سہ ماہی میں شرح نمو 3.89 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں کمزور کارکردگی کی بڑی وجہ زرعی اور صنعتی شعبوں کی توقع سے کم ترقی رہی، زرعی شعبے کی شرح نمو 2.89 فیصد سے کم ہو کر 2.72 فیصد پر آ گئی، جبکہ صنعتی شعبے کی ترقی 9.38 فیصد سے گھٹ کر 8.86 فیصد رہی، اس کے برعکس خدمات کے شعبے میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی، جہاں شرح نمو 2.35 فیصد سے بڑھ کر 2.44 فیصد ہو گئی۔ دوسری سہ ماہی میں معاشی سرگرمیوں میں کچھ بہتری آئی اور شرح نمو 3.89 فیصد تک پہنچ گئی، جس کی بڑی وجہ صنعتی شعبے کی 7.40 فیصد بہتر کارکردگی رہی، اس عرصے میں زرعی شعبے  نے 1.76 فیصد جبکہ خدمات کے شعبے  نے 3.69 فیصد کی ترقی ریکارڈ کی۔ وزارت خزانہ اور سٹیٹ بینک کے حکام کے مطابق سال کے باقی حصے میں معاشی سرگرمیوں میں مزید بہتری کی توقع ہے، جس کے باعث 4.2 فیصد کا سالانہ ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، تاہم عالمی مالیاتی اداروں، خصوصاً آئی ایم ایف اور عالمی بینک نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان سمیت خطے کی معیشتوں کو چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔