پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد، جماعت اسلامی کا احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان
04-03-2026
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے عوام پر پٹرول بم گرا دیا، پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ ناقابل قبول ہے، پٹرول کی قیمت 458 روپے تک پہنچانا ظلم ہے، پہلے 55 روپے، پھر 137 روپے اضافہ عوام پر ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مڈل کلاس کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے، غریب اور مڈل کلاس طبقہ شدید متاثر ہے، حکمران اپنی عیاشیاں کم کرنے کو تیار نہیں، مہنگے جہاز اور مہنگی گاڑیاں عوام پر بوجھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اضافے سے براہ راست بائیکرز، ڈیلیوری ورکرز، طلبہ و مزدور سمیت سب متاثر ہوں گے، صرف پٹرول نہیں، ٹیکسز میں بھی اضافہ کیا گیا، لیوی ختم ہونی چاہیے تھی، لیکن حکومت نے الٹا بوجھ بڑھا دیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کے بجائے عوام کو ریلیف دیا جائے، آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگیاں جاری ہیں، عوام کو کوئی ریلیف نہیں، کیپیسٹی پیمنٹس کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا جا رہا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے، آج سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کریں گے، نوجوان باہر نکلیں، حالات بدلنے کیلئے جدوجہد کریں، حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔