ٹیلی کام نظام پر سائبر حملوں کا خدشہ، نئی گائیڈ لائنز جاری

04-03-2026

(لاہور نیوز) ٹیلی کام نظام پر ممکنہ بڑے سائبر حملوں کے خدشے کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اہم وارننگ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی کو مضبوط بنانے کیلئے نئی گائیڈ لائنز متعارف کرا دی ہیں۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملک کا ٹیلی کام سیکٹر ڈیجیٹل تبدیلی، ای گورننس، مالیاتی نظام اور قومی سلامتی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کسی بھی بڑے سائبر حملے کی صورت میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہو سکتا ہے، جس سے اہم قومی خدمات مفلوج ہونے کا خدشہ ہے۔ اتھارٹی نے نشاندہی کی کہ کئی ٹیلی کام کمپنیوں کے سسٹمز اب بھی پرانی ٹیکنالوجی پر انحصار کر رہے ہیں، جو سکیورٹی خطرات میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں، اس صورتحال کے پیش نظر کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نیٹ ورک سکیورٹی کے جدید عالمی معیار اپنائیں۔ پی ٹی اے نے خاص طور پر مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ڈیٹیکشن اور رسپانس سسٹمز کے استعمال پر زور دیا ہے تاکہ ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی اور مؤثر تدارک ممکن بنایا جا سکے۔ نئی گائیڈ لائنز کے تحت ٹیلی کام کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ چھ ماہ کے اندر ڈی ڈاس (DDoS) حملوں کی شناخت اور بلاکنگ کے نظام نافذ کریں، جبکہ ایک سال کے اندر ان سسٹمز کو نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) کے ساتھ مربوط کیا جائے۔ پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام سروسز کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا ناگزیر ہے اور ان اقدامات کا مقصد ملک کے ڈیجیٹل انفرا سٹرکچر کو محفوظ اور مستحکم بنانا ہے۔