نیپرا نے سولر ریگولیشنز 2026 میں ترمیم کر دی
04-03-2026
(ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک میں سولر توانائی سے متعلق قوانین میں اہم ترمیم کر دی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پہلے سے موجود سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کے معاہدوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، ان صارفین کے لائسنس اپنی مقررہ مدت تک برقرار رہیں گے اور انہیں سابقہ معاہدوں کے تحت ہی بلنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ تاہم نیپرا نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی موجودہ صارف اپنی سولر سسٹم کی صلاحیت میں اضافہ یا کسی قسم کی تبدیلی کرتا ہے تو اسے پہلے والا ٹیرف یا نرخ دستیاب نہیں ہو گا، بلکہ نئی پالیسی کے تحت چارجز لاگو ہوں گے۔ حکام کے مطابق سولر ریگولیشنز میں یہ ترمیم 9 فروری 2026 سے نافذ العمل ہو چکی ہے، جس کا مقصد توانائی کے شعبے میں توازن قائم رکھنا اور نئے صارفین کیلئے شفاف پالیسی متعارف کرانا ہے۔