حکومت نے پٹرول 137 روپے 23 پیسے، ڈیزل 184 روپے 49 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا

04-02-2026

(لاہورنیوز)حکومت نے پٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 520 روپے مقرر کردی ہے۔

  پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ وزیر خزانہ نے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 137 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 458 روپے 40 پیسے فی لیٹر کر دی گئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں184 روپے 49 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 520 روپے 35 پیسےمقرر کردی گئی۔ وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے توانائی کی قیمتوں کے حوالے سے گائیڈ کیا، آج پورے خطے کو توانائی بحران نے اپنی لپٹ لیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مشکل اور ذمہ دارانہ فیصلے حکومت نے کیے ہیں، خطے کی صورتحال نے پوری دنیا کی معیشت کو مشکل میں ڈال دیا ہے، ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ یہ آگ کسی نہ کسی طرح بجھ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران جنگ کی وجہ سے توانائی قیمتوں میں بھونچال آیا ہوا ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا، خام تیل کی قیمت 250 ڈالر فی بیرل سے بڑھ چکی ہے، وزیراعظم نے کفایت شعاری مہم کے ذریعے کابینہ اراکین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام کی جیبوں پر نہ پڑنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں جن کے پاس خام تیل کے وسیع ذخائر بھی موجود ہیں، آج وہاں بھی توانائی بحران ہے، پیٹرول پمپس پر عوام کا رش ہے، وہاں پر پیٹرول پمس اور تیل ڈیپو کے باہر مسلح افواج تعینات ہیں۔ اس موقع پر وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج بڑی بیٹھک ہوئی جس میں تمام قیادت کے علاوہ فوجی قیادت بھی موجود تھی ، بیٹھک میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں،موٹر سائیکل سواروں کو 3ماہ تک 100روپے فی لیٹر سبسڈی ملے گی، انٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ڈیزل پر 100روپے فی لیٹر سبسڈی ملے گی۔ وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ حکومت نے موٹرسائیکل والوں کیلئے 100 روپے فی لیٹر سبسڈی مقرر کی ہے اور ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول سبسڈی پر دیا جائے گا جبکہ اس کا اطلاق تین ماہ کیلئے ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ چھوٹے زمینداروں کیلئے فصل کی کٹائی کے وقت 1500 روپے ایک بار سبسڈی دی جائے گی جبکہ انٹر سٹی مسافر گاڑیوں اور مال بردار گاڑیوں کیلئے 100 روپے فی لٹر، مال بردار ٹرک کیلئے ماہانہ 70 ہزار روپے، بڑی مال بردار گاڑیوں کیلئے 80 ہزار روپے، مسافر بسوں کیلیے ایک لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی ہے۔ وزیرخزانہ نے بتایا کہ حکومت ایک ماہ بعد سبسڈی کے حوالے سے پھر نظر ثانی کرے گی، ریلوے کو بھی سبسڈی دی جائے گی جس کا فائدہ لوئر کلاس کے مسافروں کو ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ مارکیٹیں دن کے اوقات میں کھلیں گی تاکہ بجلی کی کھپت اور ایندھن کو بچایا جائے، مارکیٹ کے اوقات صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت کر کے اگلے ہفتے تک طے کرلیے جائیں گے۔