گیس فراہمی متاثر، لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ
04-02-2026
(ویب ڈیسک) شہر میں گیس بحران کے خدشات کے پیش نظر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گیس کی قلت کے باعث نہ صرف لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے بلکہ مختلف علاقوں میں بغیر اطلاع کے گیس بندش بھی جاری ہے، حتیٰ کہ کھانا پکانے کے اوقات میں بھی صارفین کو گیس دستیاب نہیں۔ گیس کمپنی نے صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے دن میں تین اوقات میں گیس فراہمی کا شیڈول ترتیب دیا تھا، جس کے مطابق صبح 5:30 سے 9 بجے، دوپہر 12 سے 2 بجے اور شام 5:30 سے 9 بجے تک گیس فراہم کی جانی تھی، تاہم اس شیڈول پر مکمل عملدرآمد ممکن نہیں ہو سکا اور مقررہ اوقات میں بھی گیس کی فراہمی متاثر رہی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سوئی ناردرن کے نظام میں گیس کی کمی (شارٹ فال) بڑھنے سے پریشر میں واضح کمی آ رہی ہے، جبکہ موجودہ حالات کے باعث طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنا مشکل ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں گیس بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔