گورنر پنجاب سے پیپلز پارٹی رہنماؤں کی ملاقاتیں، سیاسی صورتحال پر گفتگو
04-01-2026
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمرالزمان کائرہ، جہاں آرا وٹو اور منشاءاللہ بٹ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد کو ترجیح دی ہے، پیپلز پارٹی ملکی ترقی کے لئے موجودہ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ساتھ پیپلز پارٹی کا اتحاد ملک کے وسیع ترمفاد کے لیے ہے، پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کے لیڈر ہیں، کسی بھی سیاسی جماعت کے پاس سوائے پیپلز پارٹی کے نوجوان قیادت نہیں، نوجوان نسل بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک اس وقت کسی بھی قسم کی احتجاجی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا، تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ اس وقت ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، ایران اور امریکہ کی جنگ بندی میں پاکستان ثالثی کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔